لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے خاندان ہمارے بہن بھائی ہیں، قوم کی خاطر گھر بار چھوڑنے والوں کی مدد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پنجاب حکومت نے بے گھر ہونے والوں کی مدد کیلئے 50 کروڑ روپے کا چیف منسٹرز ریلیف فنڈ قائم کیا ہے۔
جس میں پنجاب کے عوام اور مخیر حضرات کی جانب سے عطیات جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، پہلے مرحلے میں فی خاندان 7 ہزار روپے مالی امداد دی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ڈی پیز کو مالی امداد کی فراہمی کا عمل شفاف اور تیز رفتار ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ چند دنوں میں رجسٹرڈ ہونے والے تمام متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد کی فراہمی کا عمل ہر صورت مکمل کیا جائے۔
آئی ڈی پیز ہم سب کی مدد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مالی امداد کی تقسیم کے تیز رفتار نظام کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے اور بے گھر ہونے والے افراد کے جانوروں کیلئے چارہ بھجوانے کا بھی فوری انتظام کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مالی امداد کی تقسیم کے عمل کی مانیٹرنگ کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جس کے کو۔چیئرمین صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن ہوں گے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو توانائی بحران سے نجات دلانے کے لئے تمام تر ممکنہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔
چین کے تعاون سے قوم کو اندھیروں سے باہر نکالیں گے۔ ہائیڈل اور تھرمل کے علاوہ کوئلے، سولر اور دیگر متبادل ذرائع سے 2017ء تک دس سے بارہ ہزارمیگاواٹ بجلی کے نئے منصوبے لگانے کے لئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور تیز رفتاری سے بعض منصوبوں پر عملدرآمد کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔ وہ توانائی کے بارے میں وزیراعظم کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی ہوگی تو زراعت و صنعت کا پہیہ چلے گا اور معیشت مضبوط اور مستحکم ہوگی۔ حکومت توانائی کے بحران کو ہر صورت میں کنٹرول کرے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعید رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے لئے کوئلے کی پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ سے ٹرانسپورٹیشن کے لئے پاکستان ریلوے ہر ممکن تعاون کرے گا۔
علاوہ ازیں اویس لغاری نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے رواں مالی سال 119ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جوکہ صوبہ پنجاب کے کل ترقیاتی بجٹ کا 36 فیصد ہے جس سے جنوبی پنجاب میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے لیڈی ولنگڈن اور ایچی سن ہسپتال میں بجلی کی بندش کے دوران خواتین مریضوں کو درپیش مشکلات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرکے دو یوم میں رپورٹ پیش کریں۔ ادھر وزیراعلیٰ نے جام پور کے نواحی علاقے میں 2 خواتین پر تشدد اور ہاتھ و ٹانگ کاٹنے کے واقعہ کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او راجن پور سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پولیس نے 12 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے 5ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔