نواز شریف نے وزیراعظم بننے کیلئے این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب کا سودا کیا: پرویزالہی

Pervaiz Elahi

Pervaiz Elahi

لاہور (جیوڈیسک) ق لیگ کے مرکزی رہنما چودھری پرویزالہی نے کہا ہے کہ نوازشریف نے تیسری بار وزیراعظم بننے کیلئے این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب کا سودا کیا، حکمران لوڈشیڈنگ ختم نہیں کر سکتے۔

ان کے بجلی کے منصوبے ٹوپی ڈرامہ ہیں۔ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے دور میں بھی این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب کا حصہ کم کرنے کی کوشش کی گئی مگر میں نے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے دور سے بھی بدترین لوڈشیڈنگ ہے۔ ایک طرف عوام بجلی کو ترس گئے اور دوسر جانب بجلی کا بل آتا ہے تو لوگوں پر بجلی گرتی ہے۔

انہوں نے کہا پچھلے 10 سالوں سے ڈی چوک میں پریڈ نہیں ہوئی، عمران خان نے لانگ مارچ کا اعلان بہت پہلے کر دیا تھا افواج پاکستان کو اس معاملے میں نہیں آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری میں ملاقات کے لئے بات آگے بڑھ رہی ہے کوشش ہے کہ لانگ مارچ کے لئے جماعت اسلامی سمیت تمام جماعتیں ایک پیج پر آ جائیں۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف بادشاہ نہیں ’’میراسلطان‘‘ بن چکے ہیں چھوٹی عید پر عوام کو چھوٹی اور بڑی عید پر بڑی خوشخبری دیں گے آصف زرادری کا تحریک انصاف کے موقف کی حمایت کرنا خوش آئند ہے اور ہم دعا کرتے ہیں وہ اپنے موقف کو جاری رکھیں گے حکومت کیخلاف ’’اجتماعی‘‘ احتجاج کا وقت آچکا ہے شہباز شریف نے پنجاب کو کنگال کر دیا ہے۔

شہبازشریف وزیرستان میں کوئی ہسپتال بنانے کی بجائے پہلے وزیرآباد کے کارڈیولوجی سنٹر کو چلائیں۔ 14 اگست کو بھی ہم عمران خان اور طاہرالقادری سمیت تمام جماعتوں کو متحد کر نا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پیپلزپارٹی سے مکمل ہمددری ہے اور اگر پیپلزپارٹی نے اب بھی عوامی موقف کی حمایت نہ کی تو انکا پنجاب میں سیاست کرنا انتہائی مشکل ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری دور اندیش اور جہاں دیدہ سیاست دان ہیں۔