اسرائیل کا آج دوپہر 12 بجے سے حملے روکنے کا اعلان

Israel

Israel

غزہ (جیوڈیسک) غزہ میں بمباری اور 220 فلسطینیوں کو موت کی نیند سلانے کے بعد اسرائیل کو امداد کا خیال آ ہی گیا ۔آج دوپہر 12 بجے سے 5 گھنٹوں کے لیے حملےروکنے کا اعلان کردیا۔ جبکہ حماس نے بھی عارضی جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کردی ہے حماس نے بہت سی نئی تجاویز کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے. حماس کے ڈپٹی لیڈر موسیٰ ابو مرزوق نے قاہرہ میں مصر ی حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کی اور مجوزہ جنگ بندی کے معاہدے پر تبادلہ خیال کیا،حماس کا موقف تھا کہ مصر کی پیش کردہ تجاویز میں 2012 ء میں ہونے والے حماس۔اسرائیل معاہدے کو بھی شامل کیا جائے

جس کے تحت غزہ کی ناکہ بندی ختم کی جائے اور گرفتار کیے گئے افراد کی رہائی بھی شامل ہے۔ادھرصدر محمود عباس بھی قاہرہ پہنچے ہیں جہاں انہوں نے حماس کے ڈپٹی لیڈر موسیٰ ابو مرزوق سے ملاقات کی، محمود عباس آج مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات کریں گے اور خطے میں قیام امن کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔ ادھر اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں غزہ کے ساحل پر بم باری کے نتیجے میں 4 فلسطینیوں بچوں کی ہلاکت کو المناک قرار دیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے اقوام متحدہ کے حکام سے رابطے کے بعد غزہ امداد پہنچانے کے لیے آج دوپہر 5 گھنٹے تک فضائی حملے روکنے کا اعلان کیا ہے۔ جو پاکستانی وقت کے مطابق 12 بجے سے شام 5 بجے تک ہو گا۔ ادھر حماس نے بھی اقوام متحدہ کی درخواست پر 5گھنٹوں کے لیے عارضی جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔