وزیراعلیٰ سندھ کی کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایت

Qaim Ali Shah

Qaim Ali Shah

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پولیس کو کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بلا تفریق کارروائیوں کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں یوم علیؓ کے موقع پر سکیورٹی کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کے لئے 12 ہزار پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جلوس کی گزرگاہوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ سے کلیئر کرایا جائے گا۔

اور جلوسوں کو کلوز سرکٹ کیمروں کے ذریعے مانیٹر بھی کیا جائے گا جبکہ اجلاس میں یوم علیؓ کے روز شہر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پاک فوج کو بھی اسٹینڈ بائی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس 21 رمضان المبارک کو یوم علیؓ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کو یقینی بنائے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے پولیس کو کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اسے بلا تفریق کارروائیوں کا بھی حکم دیا۔