جیمز اینڈرسن کے معاملے پر ’بگ 2‘ آپس میں الجھ پڑے

James Anderson

James Anderson

لندن (جیوڈیسک) جیمز اینڈرسن کے معاملے پر ’بگ 2‘ آپس میں الجھ پڑے، انگلینڈ اور بھارت میں تناؤ بڑھ گیا، معاملہ سلجھانے کیلیے آئی سی سی کے وکیل کی ہنگامی آمد کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

انگلش ٹیم منیجر نے بھارتی آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا پر ضابطہ اخلاق کے لیول ٹو کی خلاف ورزی کا چارج لگا دیا، وہ ایک ٹیسٹ یا 2 ون ڈے میچز کی پابندی کا شکار ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب میزبان کپتان الیسٹرکک نے کہا کہ بھارت ہمارے اہم بولر پر پابندی کیلیے منفی ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ گٹھ جوڑ سے آئی سی سی پر قبضہ کرلیا، مگر اب اسی کونسل کو اپنے ہی پارٹنر کیخلاف استعمال کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

اس سے بگ 2 میں پھوٹ پڑتی ہوئی دکھائی دینے لگی۔ جیمز اینڈرسن کے معاملے پر دونوں بورڈز کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہورہا ہے، یہ معلوم ہوا ہے کہ جب بھارتی ٹیم منیجر سنیل دیو نے اینڈرسن پر اپنے آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا کو گالیاں اور دھکا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے انھیں مبینہ طور پر لیول تھری کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا تو آئی سی سی کا ایک وکیل خصوصی طور پر دبئی سے انگلینڈ پہنچا۔

اس نے دونوں فریقین سے بات کر کے معاملے کو سلجھانے کی کوشش کی مگراس کا کوئی بھی فائدہ نہیں ہوا، اس وجہ سے رپورٹ کے 24 گھنٹوں کے بعد آئی سی سی کو اس معاملے پر قانونی طریقہ کار پر عمل کرنا پڑا، جس کے تحت اب جوڈیشل کمشنر کا تقرر کیا جائیگا جو معاملے کی سماعت کریگا، اگر جیمز اینڈرسن قصور وار قرار پائے گئے تو ان پر کم سے کم 2 ٹیسٹ میچز کی پابندی عائد ہوسکتی ہے۔

جمعرات سے لارڈز میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میں اینڈرسن کی شرکت بدستور متوقع ہے کیونکہ ابھی تک جوڈیشل کمشنر کا تقرر نہیں ہوا، اس کیلیے آئی سی سی کی جانب سے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو بھیجے جانے والے نوٹس کا جواب موصول ہونا بھی ضروری ہے، دوسری جانب انگلینڈ نے جوابی اقدام کے طور پر جڈیجا کیخلاف کوڈ آف کنڈکٹ لیول ٹوکی خلاف ورزی کا الزام لگا دیا، وہ ایک ٹیسٹ یا 2 ون ڈے میچز کی پابندی کا شکار ہو سکتے ہیں۔

انگلش کپتان الیسٹر کک نے کہا کہ بھارت کی جانب سے رائی کا پہاڑ بنانے کی کوشش کا مقصد ہمارے اسٹرائیک بولر پر پابندی کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔