لندن (جیوڈیسک) لندن میں تعینات دو پاکستانی سفارتی اہلکاروں پر سنگین جرائم کے الزامات کے بعد برطانیہ نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ان اہلکاروں کا سفارتی استثنیٰ ختم کردیا جائے۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں تعینات دو پاکستانی سفارتی اہلکاروں پر سنگین جرائم کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک اہلکار پر جنسی زیادتی اوردوسرے پر بچوں کے اغوا کا الزام ہے۔
الزامات سامنے آنے کے بعد برطانوی حکومت نے دونوں اہلکاروں سے تفتیش کے لیے پاکستان سے ان کا سفارتی استثنیٰ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جس پر حکومت پاکستان نے ایک سفارتکار کا استثنیٰ جزوی طور پر ختم کر دیا ہے، چنانچہ اب میٹرو پولیٹین پولیس سفارتی اہلکار سے پوچھ گچھ کرسکے گی۔