5 گھنٹے کی جنگ بندی کے بعد اسرائیل کی غزہ پر پھر بمباری، شہادتوں کی تعداد 230 ہو گئی

 Israel Army

Israel Army

مقبوضہ بیت المقدس (جیوڈیسک) اسرائیل نے 5 گھنٹے کی عارضی جنگ بندی ختم کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر غزہ پر بمباری شروع کر دی جس کے نتیجے میں مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ گزشتہ 10 روز سے جاری بربریت کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد 230 ہو گئی۔

اسرائیلی ٹینکوں نے غزہ کی جانب پش قدمی کرتے ہوئے محصورین پر ایک مرتبہ پھر گولا باری شروع کردی، گزشتہ رات صیہونی فوج کی جانب سے یونس خان، رفع اور دیر البالا میں گولے برسائے گئے جس کے نتیجے میں 6 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ اقوام متحدہ کی درخواست پر 5 گھنٹے کی جنگ بندی کے بعد صیہونی فوج نے ایک مرتبہ پھر رفع میں گولے برسا کر مزید 3 نہتے فلسطینیوں کی جان لے لی۔

اس سے قبل صیہونی فوج نے سمندر کنارے کھیلنے والے بچوں کو بھی نہ بخشا اور توپ کا گولہ مار کر سمندر کنارے کھیلنے والے 4 معصوم بچوں کو شہید کر دیا جبکہ اسرائیل کی بربریت کا جواب دیتے ہوئے حماس کی جانب سے بھی اسرائیلی حدود میں راکٹ فائر کئے گئے جس میں گزشتہ 10 روز سے جاری لڑائی کے دوران ایک یہودی ہلاک ہوا۔

واضح رہے کہ 8 جولائی سے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کی جارہی ہے جس میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 230 اور 1690 افراد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ فلسطین میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق اسرائیلی بمباری کے دوران شہید ہونے والوں میں 80 فیصد شہری شہید ہوئے ہیں۔