خواجہ آصف کی پرویز خٹک سے ملاقات بجلی کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

Khawaja Asif,Pervez Khattak

Khawaja Asif,Pervez Khattak

پشاور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے گورنر خیبرپی کے سردار مہتاب احمد خان کے ساتھ وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر نے خیبرپی کے کے بجلی کے مسائل کو تین حصوں میں تقسیم کر کے ان کے فوری ازالے کا یقین دلایا اور واضح کیا کہ دہشت گردی کیخلاف فرنٹ لائن صوبہ ہونے اور لاکھوں مہاجرین اور آئی ڈی پیز کی کفالت پر وفاق صوبائی حکومت اور عوام کی قربانیوں کا معترف ہے اور اگر ہم اس کا صلہ نہ دے سکے تو کم ازکم انکے مسائل ضرور جلد ازجلد حل کریں گے۔

اجلاس میں طے پایا کہ چونکہ خیبرپی کے کا بجلی نظام اوورلوڈ ہو چکا ہے اور اضافی بجلی کا بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں اسلئے پہلے مرحلے میں یہاں کا گرڈ سسٹم اپ گریڈ کیا جائے گا جس کے بعد صوبے کو اُس کے کوٹے کی پوری بجلی مہیا کردی جائے گی، دوسرے مرحلے میں صوبے کے پن بجلی کے بقایا جات کی فوری ادائیگی کی جائے گی۔

تیسرے مرحلے میں وفاقی حکومت صوبے میں پن بجلی کی تمام جمع شدہ سکیموں پر عمل درآمد کرے گی جس کی بدولت یہاں سستی بجلی بنے گی اور صوبے کے عوام کے ساتھ پوری قوم کو اس کا فائدہ ہو گا۔