ملائیشیا کا مسافر طیارہ یوکرین میں گر کر تباہ، 295 افراد ہلاک

Malaysia Passenger Plane,Crash

Malaysia Passenger Plane,Crash

کیف (جیوڈیسک) ملائیشیا کا مسافر طیارہ یوکرین میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں عملے سمیت 295 افراد ہلاک ہوگئے۔

ملائشیا کا مسافر طیارہ بوئینگ 777 ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹر ڈیم سے کوالالمپور جارہا تھا کہ مشرقی یوکرین کی فضائی حدود میں گر کر تباہ ہو گیا۔

ملائیشین حکام کے مطابق طیارے میں عملے کے 15 اور 285 مسافر سوار تھے جو ہلاک ہو گئے۔ جس علاقے میں طیارہ گر کر تباہ ہوا وہ مکمل طور پر باغیوں کے کنٹرول میں ہے۔

ملائشین ایئر لائن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ پرواز ایم ایچ 17 ایمسٹرڈیم سے اڑان بھرنے کے بعد مسلسل رابطے میں تھی تاہم یوکرین کی حدود میں داخل ہونے کے بعد طیارے کا ریڈار سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

ملائشین وزیراعظم نجیب رزاق نے طیارے کے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ادھر یوکرینی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ طیارے کو حکومت مخالفین نے میزائل سے نشانہ بنایا جب کہ علیحدگی پسند تنظیم کے سربراہ کا کہنا ہے کہ طیارہ انہوں نے نہیں بلکہ یوکرینی فورسز نے مارگرایا ہے۔

دوسری جانب روسی صدارتی ترجمان کے مطابق صدر ولادی میرپوٹن نے ملائیشیا کے وزیراعظم کو فون کرکے طیارے کے حادثے اوراس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا جب کہ فرانس اورترکی نے اپنی فضائی کمپنیوں کو یوکرین کی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال مارچ میں کوالالمپور سے بیجنگ جانے والا ملائیشین ایئرلائن کا طیارہ 239 مسافروں سمیت پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا، گمشدہ طیارے کو تلاش کے لیے کئی ممالک کی فضائیہ اور ماہرین کی ٹیموں نے کوشش کی لیکن اس کے باوجود طیارے کا کوئی سراغ نہیں ملا۔