کراچی (خصوصی رپورٹ ) حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت گاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی بہتری کے حوالے سے انتظامات کو مزید بہتر بنا یا جائے عبادت گاہوں کے اطراف صحت مند ماحول کے قیام کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی کہ شاہ فیصل کالونی میں قائم تمام عید گاہوں اور نماز عید کی اجتماع گاہوں پر نماز عید کے حوالے سے انتظامات کی انجام دہی کو یقینی بنا یا جائے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی میں علاقائی مسائل خصوصاً صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری اور سیوریج سسٹم کی ابتر صورتحال کے حوالے سے عوامی شکایات پر شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیارکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے حوالے سے فوری اقدامات کرتے ہوئے عوام کو مسائل سے نجات دلا ئی جائے فراہمی و نکاسی آب کے ھوالے سے عوامی شکایات پر انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ محکمانہ کارکردگی کو بہتر بنا کر عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی و سیوریج سسٹم کے حوالے سے درپیش شکایات کا ازالہ کیا جائے۔
دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف بلدیاتی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ بلدیاتی ادارے مساجد و امام بارگاہوں کے منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ بلدیاتی سہولیات کی انجام دہی کو یقینی بنا ئیں اس موقع پر انہوں نے متعلقہ محکموں کو تاکید کی کہ رمضان کے آخری عشرے میں عبادت گاہوں اطراف صفائی وستھرائی اور جراثیم کش ادویات کے اسپرے کے حوالے سے خصوصی مہم چلا ئی جائے تاکہ اعتکاف میں بیٹھنے والوں کو سہولت کی فراہمی یقینی بنا ئی جاسکے۔