اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ 14 اگست کوازادی مارچ کی خود قیادت کروں گااور10 لاکھ افراد کواسلام آباد لاؤں گا۔
انھوں نے کہا ک 11 مئی کے انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی ہوئی ہم نے دھاندلی کو قبول نہیں کیا تھا ہم نے چار حلقوں میں تصدیق کرنے کو کہا لیکن حکومت خوفزدہ ہے ان حلقوں میں تصدیق نہیں کرانا چاہتی۔
ہم نے ہر دروازہ کھٹ کھٹایا ہمیں انصاف نہیں ملا اس لیے اب سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا ہے جب تک انتخابی سسٹم ٹھیک نہیں ہوتا ملک کے مسائل حل نہیں ہو نگے، 14 اگست کوازادی مارچ کی خود قیادت کروں گااور 10 لاکھ افراد کواسلام آباد لاؤں گا، اگر پنجاب پولیس نے ہمارے کارکنوں پر بندوق اٹھائی توانھیں نہیں چھوڑوں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ دھاندلی سے اقتدار میں آنے والے ملک کے مسائل حل نہیں کر سکتے۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی دولت ملک سے باہر ان کے کاروبار ملک سے باہر اور دوسروں کو کہہ رہے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔انھوں نے کہا کہ جو جماعتیں چاہتی ہیں کہ انتخابی سسٹم ٹھیک ہو انہیں تحریک انصاف کا ساتھ دینا چاہیے اگر ہم دھاندلی کو قبول کریں گے تو ہمارا مستقبل تاریک ہو جائیگا۔