غزہ (جیوڈیسک) غزہ پر اسرائیل کی فضائی اور زمینی کارروائیاں بارہویں روز بھی جاری ہیں، اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک متعدد خواتین اور بچوں سمیت جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 307 تک جاپہنچی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ وہ شمالی غزہ کی پٹی میں موجود زیر زمین سرنگیں تباہ کرنے کے لئے اپنی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے علاقے میں حماس کے انفرااسٹکچر کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔
فلسطینی جماعتوں کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد اسرائیل فوجیوں کے زخمی اور ایک فوجی کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جس کے بارے میں حماس کا دعویٰ ہے کہ اس فوجی کو ان کی تنظیم نے ہلاک کیا تاہم اسرائیلی حکام کہتے ہیں کہ ان کا فوجی فرینڈلی فائر میں ہلاک ہوا۔
آج صبح فلسطین کے علاقے خان یونس پر تازہ فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ فضائی حملہ خان یونس میں واقع ایک مسجد کے باہر جمع افراد پر کیا گیا۔
اس سے قبل فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق جمعہ کو غزہ کے علاقے بیت حَنُون میں اسرائیلی ٹینک کی گولہ باری کے نتیجے میں عورت اور بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق ہوئے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون آج سے مشرق وسطیٰ کا دورہ شروع کر رہے ہیں،، اپنے دورے کے دوران وہ اسرائیلی اور فلسطینی رہنمائوں سے ملاقات کریں گے اور پرتشدد کارروائیوں کے خاتمے کے لیے زور ڈالیں گے۔