پاکستانی ڈرامہ پھر شہرت کی بلندیوں کو چھونے لگا، عدنان صدیقی

Adnan Siddiqui

Adnan Siddiqui

لاہور (جیوڈیسک) معروف اداکار عدنان صدیقی نے کہا ہے کہ ٹی وی ڈراموں کی اندرون ملک اور بیرون ملک شہرت اور مقبولیت کے مثبت رسپانس کے باعث ہمارے ہاں مزید بہتر کام ہونے لگا ہے۔

ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر ناظرین کی بڑی تعداد صرف پاکستانی ڈرامے ہی دیکھنا پسند کرتی ہے۔ اس کا کریڈٹ ہمارے پروڈیوسروں، رائٹرز اور ڈائریکٹرز کے ساتھ ساتھ فنکار برادری کو بھی جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار عدنان صدیقی نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی ڈرامہ ہمیشہ سے ہی اپنی منفرد کہانی، کرداروں کی وجہ سے شہرت کی بلندیوں تک پہنچا ہے۔ ہمارے پڑوسی ملک میں جب سوپ بننے کا رجحان چلا تو کچھ عرصہ کے لیے ہمارا ڈرامہ متاثر ہوا لیکن ڈرامے کا اصل انداز وہی ہے جس پر پاکستان میں کام کیا جا رہا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اس وقت پاکستانی ڈرامہ ہمارے پڑوسی ملک کے ساتھ ساتھ مڈل ایسٹ، برطانیہ، یورپ، امریکا سمیت دیگرممالک میں بے حد پسند کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں اب بہت ہی باصلاحیت نوجوان رائٹر، ڈائریکٹراور فنکار کام کر رہے ہیں جن سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور مجھے امید ہے کہ پاکستانی ڈرامہ ترقی اور کامیابی کی بہت سی نئی منزلوں تک پہنچے گا۔