آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی طالبان خان سے ہضم نہیں ہو رہی، غلام دستگیر خان

Ghulam Dastgir Khan

Ghulam Dastgir Khan

گوجرانوالہ : مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی” طالبان خان” سے ہضم نہیں ہو رہی، دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ شروع کر نے پر عمران خان حکومت کے خلاف انتقامی کارروائی پر اتر آئے ہیں ، عمران خان کا” انتشار مارچ ”بری طرح فلاپ ہو گا،جعلی انقلابیوں کا ٹولہ اور عمرا ن خان نظریہ ء ضرورت کی چابی سے چلنے والے کھلونے ہیں جنہیں اقتدار کے سوا کوئی مطلب نہیں۔

ایک سال پہلے انتخابی نتائیج کو تسلیم کر کے بڑے چائو سے صوبائی حکومت بنانے والے عمران خان کے پاس اگر فرشتے موجود تھے تو وہ ان کے ذریعے خیبر پختونخواہ میں تبدیلی کیوں نہیں لاسکے، ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری آپریشن ضربِ عضب میاں نواز شریف کا دلیرانہ فیصلہ ہے جو پاکستان کی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو سنوار دے گا ایسے وقت میںجب افواج پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے سرگرم عمل ہیں اور بے شمار قربانیاں دے رہی ہیں۔

عمران خان آپریشن ضرب عضب کو رکوانے کے لئے اسلام آباد میں انتشار اور افرا تفری پھیلانا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ جب سیاسی کارکنوں ،وکلاء اور سول سوسائٹی نے نواز شریف کی قیادت میں عدلیہ بحالی کیلئے لانگ مارچ کیا تھا تو اس دن انصاف کا کھوکھلانعرہ لگانے والے عمران خان کہاں روپوش ہو گئے تھے، ایسے سیاسی راہنماجنہیں عمران خان ڈاکو چور کہتے نہیں تھکتے تحریک انصاف کی چھتری تلے آنے کے بعد پارسا کیسے بن جاتے ہیں اور دوسری جماعتوں کے پرانے اور ناکام سیاستدانوں کو ساتھ بٹھا کے وہ کونسا نیا پاکستان بناناچاہتے ہیں۔