لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہاہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ مشکل کی اس گھڑی میں وزیرستان کے طلبہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی، طلبہ کا تعلیمی نقصان کم کرنے کے لئے جمعیت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔ تعلیم قوموں کی ترقی اور کامیابی کی ضامن ہوتی ہے مگر اس نگاہیں چرانا اور اسے نظر انداز کر دینا مجرمانہ غفلت کا مظاہر ہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں میں آپریشن متا ثرین کے کیمپوں میں طلبہ میں وظائف کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ابتدائی مرحلے میں طلبہ میں وظائف کی تقسیم اور فری کوچنگ سینٹرز کے قیام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اگلے مرحلے پر طلبہ اور بچوں میں عید گفٹس اور سکول بیگز اور دیگر ضروری سامان تقسیم کیا جائے گا۔ تعلیم سے ہی ملک کی تعمیر اور ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے اسلامی جمعیت طلبہ نے اس سال بھی ”تعلیم سے ہی کرنی ہے تعمیر پاکستان کی” کا سلوگن دیا ہے اور اسی سلوگن کے تحت تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔وظائف کی تقسیم کے موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ خیبر کے ناظم صہیب الدین کاکا خیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخواہ کے کارکنان اورذمہ داران عید وزیرستان کے متاثرین کے ساتھ گذاریں گے اور عید کے بعد میڑک، انٹر کے طلبہ کے لئے اسٹڈی کیمپس لگائے جائیں گے۔