کراچی (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے ممکنہ ردعمل کے پیش نظر شہر قائد میں حساس تنصیبات اور اہم عمارات کی سیکیورٹی کے لئے خصوص پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
کراچی میں سندھ رینجرز کے ہیڈکوارٹر میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی جی رینجرز سندھ ، سیکٹر کمانڈرز، ایڈیشنل آئی جی پولیس، ڈی جی میری ٹائمزسیکورٹی ایجنسی، ڈائریکٹر سیکیورٹی کے پی ٹی، پاک بحریہ، ڈائریکٹر سیکیورٹی ایم ایس اے ،ڈی آئی جی ٹریفک اور کراچی کے ضلع جنوبی کی سول انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران حساس تنصیبات اور اہم عمارات کی حفاظت یقینی بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر رینجرز کے سینئر افسران نے حساس تنصیبات کی سیکیورٹی کے لئے جامع منصوبہ پیش کیا جس پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے نمائندوں کو ہدایت دی گئی وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے انتہائی محتاط اور فوری جوابی کاروائی کے لئے مکمل تیار رہیں اور دیگر اداروں سے معلومات کا تبادلہ کریں۔