کراچی: مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ 2 ارب سے زائد رقم محکمہ زکوة کے پاس ہونے کے باجود اس بار 85ہزار سے زائد مستحق خاندانوں کو زکوة نہ مل سکے گی۔ سندھ حکومت غریب لوگوں سے رمضان کی عبادت اور عید کی خوشیاں نہ چھینیں نیا نظام بنتا رہے گا فی الحال زکوة کی رقم پرانے نظام کے تحت ادا کی جائے تاکہ 85ہزار سے زائد خاندانوں کے گھروں کا چولہا جلتا رہے۔
تقریباً پندرہ سے بیس سال بعد ایسا ہونے جارہا ہے کہ جن غریب مستحقین کو عید فنڈ تو کیا ایک ہزار روپے ششماہی ملتے تھے وہ بھی ابھی تک نہیں مل سکے ہیں جن مستحق لوگوں کا آسرا ہی زکوة پر ہے ان لوگوں کی زکوة سے محرومی سندھ حکومت کی نااہلی بن چکی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ سندھ کے صوبائی سیکرٹریٹ میں علماء ونگ کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا ۔اس موقع پر یوتھ ونگ سندھ کے صدر آغا رفیع اللہ ،مہران ملک، شیخ اقبال اور دیگر بھی موجودتھے ۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت مفلس مسلمانوں کا حق مارنے سے گریز کرے زکوة کو فریب کاروں کے چنگل میں پہنچنے کی بجائے مستحق لوگوں تک پہنچانے میں ہی عوام کے ساتھ بھلائی ہے۔ یہ ہی دنیا اور آخرت میں کام آنے والی چیز ہے ۔ زکوة کی نئی تقسیم میںحکومت جو بھی عمل شروع کرنا چاہتی ہے اسے پہلے واضح کرے مگر فی الحال یہ تمام معاملات کچھ عرصہ بعد بھی شروع کیئے جاسکتے ہیں ۔ATM کارڈ میں شناختی کارڈجو کہ وڈیروں نے اپنی ملکیت میں انتخابات کی کامیابی کے لیے رکھے ہوتے ہیں دوسرا ATMمشینوں پر ہزارو ں لوگوں کا رش اور آئے روز مشینوں کا خراب رہنا بھی مشکل مرحلہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پہلے محکمہ زکوة میں لوکل نمائندے اور مقامی چئیرمین ڈسٹری بیوشن کے ذریعے کرپشن کیا کرتے تھے ،گزشتہ عرصہ سے نادرا نگوٹھے کے زریعے زکوة کا عمل شروع کیا گیا اب نادرا سے اختیارات لے لیے گئے ہیں جس پر سندھ حکومت نے سندھ بینک کے ATMکارڈ کے زریعے زکوة دینے کا فیصلہ کیا ہے جوکہ شناختی کارڈ کے ذریعے ہی وصول کئے جاتے ہیں ۔غریبوں کے شناختی کارڈ تو ویسے ہی وڈیروں کی جیبوں میں ہوتے ہیں جو انتخابات میں استعمال کیئے جاتے ہیںوہ لوگ کس طرح زکوة حاصل کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ زکوة کی رقم اتنی بڑی نہیں جو مستحقین کی تمام پریشانیوں کا حل بن سکے اس کے باوجود سندھ حکومت اپنے فیصلے میں نظر سانی کرے تاکہ ہزاروں افراد عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہ سکیں۔حلیم عادل شیخ نے آصف زرداری بلاول بھٹو اور وزیر اعلی سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بار بھی پرانے نظام کے تحت ہی مستحقین کو زکوة دیں۔