غزہ (جیوڈیسک) اسرائیلی جارحیت تیرہویں روز بھی جاری ہے، تازہ حملے میں مزید 9 افراد شہید ہوگئے ہیں، جس کے بعد بچوں اور خواتین سمیت جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 352 ہوگئی، غزہ میں ایمبولنس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس آج قطر میں حماس کے سربراہ خالد مشعال اور اقوام تتحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کریں گے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حکومت کے پریس آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں رپورٹنگ کے لیے آنے والے غیر ملکی صحافیوں کی حفاظت کی ذمہ دار اسرائیلی حکومت نہیں ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایسی صورت حال میں اگر کسی صحافی کو کوئی نقصان پہنچا تو اسرائیل ذمہ دار نہیں ہوگا۔دوسری جانب اسرائیلی آرمی چیف نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں اپنی زمینی کارروائیوں کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسرائیلی جارحیت کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائیوں میں 2 اسرائیلی فوجی اور ایک شہری ہلاک ہو جبکہ اسرائیلی فوج کی جوابی فائرنگ سے 4 فلسطینی مزاحمت کار جاں بحق ہوگئے۔ ادھر فلسطین کے صدر محمود عباس کی قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کے لیڈر خالد مشعل سے ملاقات آج متوقع ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنما اسرائیل۔حماس جنگ بندی کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گےجبکہ بان کی مون بھی دوحہ میں فلسطین کے صدر سے ملاقات کریں گے۔