غزہ کے نہتے لوگوں کو زکواۃ دینا جائز ہے، سعودی مفتی اعظم کا فتویٰ

Abdul Aziz Al-Sheikh

Abdul Aziz Al-Sheikh

ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے مفتی اعظم عبدالعزیز آل الشیخ نے فتوی دیا ہے کہ اسرائیلی درندگی کا شکار بننے والے محصورین غزہ کو زکوٰاۃ دینا جائز ہے۔

مفتی اعظم سعودی عرب نے اپنے حالیہ فتوے میں کہا ہے کہ غزہ کے باسیوں کو قتل کیا جارہا ہے جبکہ اہالیان شہر کو اپنے گھروں اور متاع کے نقصان کا سامنا ہے لہذا مصیبت کی اس گھڑی میں وہ زکوٰاۃ کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محصورین غزہ کی زکوٰاۃ کی صورت میں مدد کرنا ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کے مترادف ہوگا جو انتہائی مقبول عمل ہے۔

مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ زکوٰاۃ اسلام کا اہم رکن ہے، مسلمانوں پر بروقت اور مکمل نصاب کے حساب کے ساتھ اس کی ادائیگی واجب ہے اور اس کی ادائیگی سے معاشرے میں ایک دوسرے کے درمیان الفت اور محبت کے جذبے کو فروغ ملتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا زکوٰاۃ ادا کرنے والا شخص اسے خالص اللہ کی رضا کا عمل سمجھ کر ادا کرے اور اس بات کا یقین رکھے کہ جنہیں وہ زکوٰاۃ دے رہا ہے وہ اس کے اہل بھی ہیں یا نہیں۔