اجناس کی عالمی منڈیاں ملائیشین طیارے کی تباہی سے متاثر

Malaysian Airline

Malaysian Airline

لندن (جیوڈیسک) اجناس کی عالمی منڈیاں ملائیشین ایئرلائن کا جہاز تباہ ہونے سے بری طرح متاثر ہوئیں کیونکہ خام میٹریل کا بڑا پیداواری ملک روس اور مغربی ممالک کے درمیان اس واقعے کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ جہاز کی تباہی یوکرین کے روس نواز باغیوں کے میزائل فائر کرنے سے ہوئی، سرمایہ کاری رجحان روسی انرجی، دفاع و مالیاتی کمپنیوں کے خلاف امریکی پابندیوں سے پہلے ہی متاثر ہو گیا تھا۔ ایک ہفتے کے دوران لندن کی انٹر کانٹینینٹل ایکس چینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی ستمبر میں فراہمی کے لیے قیمت 106.99 ڈالر سے بڑھ کر 107.66 ڈالر فی بیرل پر آگئی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکس چینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ یا لائٹ سوئٹ کروڈ کے اگست میں فراہمی کے لیے نرخ 101.35 ڈالر سے بڑھ کر 103.72 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئے۔

لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 24 ڈالر گھٹ کر 1311 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ چاندی کے نرخ 21.41 ڈالر سے کم ہو کر 20.94 ڈالر فی اونس رہ گئی، لندن پلاٹینم و پلاڈیم مارکیٹ میں ہفتے کے اختتام پر پلاٹینم کے نرخ 1506 سے گھٹ کر 1497 ڈالر فی اونس جبکہ پلاڈیم کی قیمت 867 ڈالر سے بڑھ کر 881 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ لندن میٹل مارکیٹ میں تانبے کی قیمت 94 ڈالر کی کمی کے نتیجے میں 7 ہزار 125 سے گھٹ کر 7 ہزار 31 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔

ایلومینیم نے نرخ 1934 ڈالر سے بڑھ کر 1987 ڈالر فی ٹن ہوگئے جبکہ لیڈ کی قیمت 2 ڈالر کے اضافے سے 2196 ڈالر فن ٹن ریکارڈ کی گئی، ٹن کی قیمت 122 ڈالر بڑھنے کے نتیجے میں 21 ہزار 963 سے 22 ہزار 85 ڈالر فی ٹن رہی، کلئی کے نرخ 19 ہزار 163 ڈالر سے گھٹ کر 18 ہزار 780 ڈالر فی ٹن ہو گئے، جست کی قیمت 2 ہزار 287 ڈالر سے بڑھ کر 23 ہزار ڈالر فی ٹن ریکارڈ کی گئی، اسی طرح لندن کی فیوچر مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران چینی کی اکتوبر میں فراہمی کے لیے قیمت 6 ڈالر کی کمی سے 457 سے کم ہو کر 451 ڈالر فی ٹن تک نیچے آ گئی۔