راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی میں حضرت علی کرم اللہ وجہ کے یوم شہادت پرمرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کرنل مقبول حسین پہنچ کر ختم ہوا۔مرکزی جلوس موہن پورہ سے برآمد ہوا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا فوارہ چوک پر امام بار گاہ کرنل مقبول حسین پر پہنچ کر ختم ہوا۔
جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ جلوس کے روٹ پر تمام ملحقہ راستے کنٹینر لگا کر سیل کردیے گئے تھے اور چار ہزار کے قریب پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ یوم حضرت علی رضی اللہ عنہ کے موقع پر پشاور میں نکالے گئے متعدد جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مقررہ مقامات پر پہنچ کر ختم ہوئے۔
پشاور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ سید عالم شاہ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں نے ہوتا ہوا امام بارگاہ اخوند آباد پہنچا ۔جہاں مجلس کا اہتمام کیا گیا تھا۔مجلس کے اختتام پر جلوس واپس اپنی منزل امام بارگاہ سید عالم شاہ پہنچ کر ہی ختم ہوا۔ یوم علی کے موقع پر پشاور میں جلوسوں کے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور جلوس کی گزر گاہوں پر پولیس کی بارنفری تعیناتی کی گئی ہیں۔
یوم شہادت حضرت علی کرم الله وجہہ کے موقع پر ملتان کے علاقے چاہ بوہڑ والا کی امام بارگاہ سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن ہے۔لاہورمیں حضرت علی کے یوم شہادت کے موقع پر مرکزی جلوس موچی دروازہ سے برآمد ہوگیا ہے۔