پشاور (جیوڈیسک) میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہو گئے۔ پشاور کے علاقے حیات آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس وین کو اس وقت نشانہ بنایا۔
جب وہ گشت پر تھی۔ پولیس وین میں 4 اہلکار سوار تھے جنہیں موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے پوزیشن سنبھال کر نشانہ بنایا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔
جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاسکے۔ دوسری جانب واقعے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل آئی جی خیبر پختونخوا ناصر خان درانی کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے شروع کئے گئے سرچ آپریشن کے باعث دہشتگرد اہلکاروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔