کراچی (جیوڈیسک) شہر قائد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان جنگ جاری ہے۔ لیاری شاہ بھٹائی ہال کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کر کے پولیس سب انسپکٹر رفیق بلوچ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ایس ایس پی سٹی کے مطابق مقتول سب انسپکٹر ایس پی صدر آفس میں تعینات تھا جو ڈیوٹی دینے کے بعد لیاری میں واقع اپنے گھر جا رہا تھا کہ مسلح افراد نے قتل کر دیا۔
ادھر گلستان جوہر تھانے کی حدود میں مسلح موٹر سائیکل سوار ایس ایس پی ٹریفک جلیس فاطمہ کی گاڑی پر فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے۔ ایس ایس پی ٹریفک جلیس فاطمہ کے مطابق مسلح ملزم پیچھا کر رہے تھے اور آسان ہدف دیکھ کر نشانہ بنایا۔
فائرنگ سے جانی نقصان نہیں ہوا البتہ گاڑی پر تین گولیاں لگی ہیں۔ واقعے کا مقدمہ ایس ایس پی ٹریفک کی مدعیت میں گلستان جوہر تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ سائٹ میں پولیس نے مقابلے کے بعد 15 سے زائد مقدمات میں مطلوب ملزم لیاقت عرف بلا کو گرفتار کر لیا۔ جمشید کوارٹر میں پولیس نے دو ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔