فلسطین پر قبضہ امت مسلمہ کی حرمت پر قبضہ ہے، علامہ مفتی آصف حسین انصاری

Anjuman Tulba Islam

Anjuman Tulba Islam

کراچی (خصوصی رپورٹ ) انجمن طلبہ اسلام ضلع ملیر کے زیر اہتمام اسرائیلی جارحیت کے خلاف سعودآباد چورنگی پر احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جماعت اہل سنت کے رہنما علامہ مفتی آصف حسین انصاری نے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی ہمارے ایمان کا حصہ ہے، کشمیر پاکستان کی شہہ رگ اور فلسطین امت مسلمہ کی شہہ رگ ہے، فلسطین پر قبضہ امت مسلمہ کی حرمت پر قبضہ ہے، ہم اپنی جان قربان کردینگے، مگر فلسطین کی آزادی اور تقدس کو پامال نہیں ہونے دینگے، اسرائیلی جارحیت اسلامی انقلاب کو قریب سے قریب تر کررہی ہے۔

ناظم کراچی محمد نبیل مصطفائی نے کہا کہ انجمن طلبہ اسلام نے ملک گیر چلو فلسطین چلیں تحریک کا آغاز کردیا ہے، انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر حافظ احسان الحق عنقریب فلسطین تحریک کا آغاز کرینگے، اس احتجاج سے ملیر ٹائون کے ناظم فراز رضا قادری، جنرل سیکرٹری اسامہ اعظمی، وقاص صدیقی، رضوان قادری، معاذ اعظمی، احمد رضا نورانی، عمران مدنی اور دیگر نے خطاب کیا، انجمن طلبہ اسلام جامعہ کراچی کی طرف سے جامعہ کراچی کے طلبہ کی طرف سے منعقد احتجاج میں بھی شرکت کی گئی، احتجاج کے اختتام پر انجمن طلبہ اسلام جامعہ کراچی کے ناظم عبداللہ نورانی نے کہا ہے کہ جب بھی کشمیر اور فلسطین پر آنچ آتی ہے۔

امت مسلمہ خواب غفلت سے جاگنے لگتی ہے، یہ وہ وقت ہے کہ اگر امت مسلمہ کے رہنمائوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو پھر اگلا نمبر ان کے ملک کا ہوگا، ہمیں لائحہ عمل تیار کرنا ہی ہوگا، ورنہ ہماری داستان بھی نہ ملے گی داستانوں میں، جامعہ کراچی کے احتجاج میں طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔