امن کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل فراہم کرینگے: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیر صدارت گزشتہ روز امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے بہترین اقدامات کے باعث یوم شہادت حضرت علی خیر و عافیت سے گزرا۔ پنجاب سمیت ملک بھر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آنا پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شاندار کارکردگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو بہترین سکیورٹی انتظامات کرنے پرمبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہصوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل فراہم کرینگے۔ پولیس جانفشانی اور محنت سے فرائض انجام دے۔ صوبائی وزراء رانا مشہود احمد، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، معاون خصوصی رانا مقبول، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے اور توانائی کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہر ممکن کاوشیں کی جا رہی ہیں۔

توانائی بحران کے حل کے لئے مختصر، درمیانی اور طویل مدتی حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے اور معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بجلی کی کمی کے مسئلے پر جلد ازجلد قابو پانا ضروری ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ شہریوں کو پارکنگ کی جدید سہولتوں کی فراہمی کے لئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے 2مختلف اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جسمیں قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں سولر منصوبے پر پیشرفت اور لاہور پارکنگ کمپنی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں پہلی مرتبہ پنجاب حکومت نے بہاولپور میں سولر پارک قائم کیا ہے اور پنجاب حکومت نے قائداعظم سولر پارک میں حکومتی سطح پر سولر منصوبہ لگانے میں بھی سبقت حاصل کی ہے۔

ابتدائی طور پر اس سولر منصوبے سے 100 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی جبکہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت اس پارک میں مزید سولر منصوبے لگائے جائیں گے، جن سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی۔ شہریوں کو پارکنگ کی جدید سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ لاہور پارکنگ کمپنی شہریوں کیلئے پارکنگ کی سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے۔

جدید پارکنگ نظام میں مزید کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کروںگا۔ پارکنگ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی سے ٹریفک بہائو میں بہتری آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لاہو رپارکنگ کمپنی متحرک اور فعال انداز میں فرائض سرانجام دے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے تھانہ فیکٹری ایریا لاہور کے علاقے والٹن روڈ میں اغوا برائے تاوان کے بعد 8 سالہ بچے کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ نے 8 سالہ معصوم بچے کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کروں گا۔