لاہور (جیوڈیسک) اداکارہ لیلیٰ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی شخصیت سے بہت متاثر تھی اور انہی سے متاثر ہوکر میں نے سیاست میں قدم رکھنے کی ٹھانی تھی۔
میں سیاست میں شہرت کے لیے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لیے آنا چاہتی ہوں، مستقبل میں سیاست اور شوبز میں سے کسی ایک کاانتخاب کروں گی، دونوں شعبوںکو ایک ساتھ چلانا ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار اداکارہ لیلیٰ نے خصوصی انٹرویودیتے ہوئے کیا۔
انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کی رہنما ثمینہ خاورحیات کی طرف سے ق لیگ میں شمولیت کی پیشکش ہوئی ہے لیکن ابھی میں نے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، جہاں تک اس بات کا سوال ہے کہ چوہدری برادران پر بے نظیر کے قتل کا الزام لگایا گیا تو ایسے الزامات تو محترمہ کے قریبی فیملی ممبران پر بھی لگائے گئے۔
انھوں نے کہا کہ میں آل پاکستان مسلم لیگ کی ممبر بھی رہی لیکن میری آئیڈیل سیاستدان بے نظیر بھٹو ہی ہیں۔ سیاست میں آنے کا مقصد صرف عوام کی خدمت ہے، میں خواتین کے لیے بہت کچھ کرنے کا جذبہ رکھتی ہوں۔