دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ISI نے مؤثر کردار ادا کیا، چینی خصوصی ایلچی

ISI

ISI

کراچی (جیوڈیسک) بھارتی اخبارات’’دی ہندو، اور ہندوستان ٹائمز‘‘ کے مطابق افغانستان کے لئے چین کے نومنتخب خصوصی ایلچی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میںپاکستان کے کردار کی تعریف کی،انہوں نے پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دہشت گردی کی جنگ میں مؤثر اور اہم کردار ادا کیا۔

رپورٹ کے مطابق چین کے خصوصی ایلچیSun Yuxi نے پاکستان کے کردار کو اس وقت سراہا جب کچھ افغان اور بھارتی حکام کی طرف سے یہ تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسند گروپ افغانستان میںعدم استحکام پید اکررہے ہیں اور یہ الزام دیا جاتا ہے کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) یا حکومت میں کچھ ایسے عناصر افغانستان میں دہشتگرد ی کو ہوا دے رہے ہیں۔

پاکستان کے متعلق ایسے تمام بیانات کو مسترد کرتے ہوئے چینی ایلچی سن نے دہشت گردی کے خلاف آئی ایس آئی کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے اس جنگ میں مؤثر کردار اد کیا ہے۔ اخبار کے مطابق ہرات میں بھارت کے قونصل خانے پر مسلح افراد کے حملے کا الزام افغان صدر حامد کرزئی نے لشکر طیبہ پر لگایا تھا۔ بھارت،پاکستان اور افغانستان میں بطور سفیر اپنی خدمات انجام دینے والے سن کو گزشتہ ہفتے افغانستان کے لئے خصوصی ایلچی مقرر کیا گیا اورنئی ذمہ داریوں کے بعد وہ منگل کو افغانستان کا پہلا دورہ کریں گے۔

انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اور فوج کی ایجنسی کے طور پر آئی ایس آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مؤثر کردار ادا کرتی رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کسی مخصوص دہشت گروپ کے ساتھ شامل ہونے کی بجائے پاکستانی حکومت یاا س کی کوئی بھی ذمہ دار ایجنسی صرف دہشت گردی کے خلاف جنگ کرے گی ۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی لعنت ہے اور تمام حکومتوں کو اس کا مقابلہ کرنے کے لئے کندھے سے کندھا ملانا چاہیے۔ انہوں نے پاکستانی قربانیوں اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت زیادہ مثبت کردار ادا کیا اور انہیں یقین ہے کہ مستقبل میں بھی ایسا ہی کریں گے۔

پاکستانی حکومت نے افغانستان کی پر امن تعمیر نو میں بین الاقوامی برادری کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم اور مثبت کردار ادا کیا۔بھارت طویل عرصے سے واویلہ کرتا آرہا ہے کہ افغانستان میں ان کے مفادات کو پاکستان سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسند گروپ نشانہ بنا رہے ہیں ۔سن نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ اپنے نئے کردار میں بھارت اور پاکستان دونوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنے والے اپنے دوستوں پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ وہ جانتے ہیں دونوں ممالک افغانستان میں امن ،استحکام اور تعمیر نوکی کوشش کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے قریبی تعلقات رکھوں گا۔افغانستان کا دورہ کرنے کے بعد چینی ایلچی اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔چینی خصوصی ایلچی افغانستان کے مستقبل کے کردار کے لئے پر امید ہیں۔