دو بلیک باکس ملائیشیا کے حوالے، حادثے کے مقام پر جنگ بندی کا اعلان

Malaysian Plane

Malaysian Plane

کوالالمپور (جیوڈیسک) ملائیشین طیارہ مار گرانے پر سلامتی کونسل میں قرار داد مذمت پیش کی گئی ہے جس میں عالمی ماہرین کی جائے حادثہ تک مکمل رسائی اور آزاد اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ادھر باغیوں نے طیارے کے دو بلیک باکس ملائیشیا کے حوالے کرکے جائے حادثہ پر جنگ بندی کا بھی اعلان کردیا ہے ۔یوکرین میں 4روز قبل مار گرائے گئے ملائیشین ائیرلائن کے طیارے کے دو بلیک باکس کو روس نواز باغیوں نے ملائیشین حکام کے حوالے کردیا ہے، باغیوں نے جائے حادثہ پر جنگ بندی کا اعلان بھی کیا ہے۔

دوسری جانب بلیک باکس کو وصول کرنے والے ملائیشین کرنل کا کہنا ہے کہ دونوں بلیک باکس کی حالت بہتر ہے ۔جبکہ سلامتی کونسل نے بین الاقوامی مبصرین کی یوکرین میں جائے حادثہ کی مکمل رسائی کا مطالبہ کیا ہے ۔سلامتی کونسل میں منظور قرارداد میں طیارہ حادثہ کی آزاد اور شفاف تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سانحے کے ذمہ داروں کو ہر حال میں انجام تک پہنچانا ہوگا۔

امریکی صدر نے بھی اپنے روسی ہم منصب کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ولادیمیر پیوٹن کو باغیوں کا ساتھ دینے کی پالیسی ترک کرکے یوکرین میں جاری تنازعے کو حل کرنے کیلیے سنجیدگی دکھانی ہوگی۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ امریکا اور دیگر ممالک سیٹلائٹ تصاویر یا دوسرے ثبوت پیش کریں جس سے ثابت ہو کہ یہ طیارہ باغیوں نے گرایا ہے۔