پی سی بی کے الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا، نجم سیٹھی کا سپریم کورٹ میں بیان

Najam Sethi

Najam Sethi

لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ وہ آئندہ پی سی بی کے الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے،عدالت نے ریمارکس دیئےہیں کہ معلوم نہیں کیس کا فیصلہ کیا کرنا ہے؟ اللہ کرے ہماری کرکٹ واپس آجائے۔ جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں 2 رکنی بنچ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیئرمین پی سی بی تقرری کیس کی سماعت کررہاہے۔

پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی، وکیل وزارتِ بین الصوبائی رابطہ عاصمہ جہانگیر، اٹارنی جنرل سلمان بٹ، جسٹس ریٹائرڈ ملک قیوم اورقانونی مشیرپی سی بی تفضل رضوی عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو اس امر کا جائزہ لینا ہے کہ کیا چیئرمین پی سی بی کی تقرری میں وزیراعظم نے اختیارات کا بے دریغ استعمال تو نہیں کیا؟

عدالت کو دیکھنا ہے کہ پی سی بی چیئرمین کی تقرری کے پیچھے کیا عوامل ہیں؟ وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کی وکیل عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ اگر عدالت چاہتی ہے کہ فلاں کو رکھیں اور فلاں کو نکالیں تویہ غلط ہوگا۔ اس پر جسٹس ثاقب نثارنے ریمارکس دیئے کہ عدالت ایسا نہیں چاہتی، عدالت نے دیکھنا ہے کہ حکومت کی بدنیتی تو شامل نہیں۔

چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ وہ عدالت کے ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں کہ وہ آئندہ پی سی بی کے الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔