اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ میں عدلیہ مخالف بینرز کیس کی سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ واقعے کا ماسٹر مائنڈ محمد راشد پکڑا گیا ہے۔
پولیس معاملے کی تحقیقات کیلئے مبشر لقمان کو بھی شامل تفتیش کرنا چاہتی ہے۔ چیف جسٹس ناصرالملک اور جسٹس دوست محمد خان پر مشتمل دو رکنی بینچ کیس کی سماعت کررہا ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل خواجہ احمد حسین نے عدالت کو بتایا۔
کہ واقعے کا ماسٹر مائنڈ محمد راشد پکڑا گیا ہے، ملزم نے مجسٹریٹ کے سامنے جرم قبول کیا ہے۔ اس پر چیف جسٹس ناصر الملک نے استفسار کیا کہ سوال یہ ہے کہ جو پکڑا گیا ہے وہی اصل مجرم ہے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ پولیس معاملے کی تحقیقات کیلئے مبشر لقمان کو بھی شامل تفتیش کرنا چاہتی ہے اور تحقیقات کو مرکزی ملزم کےاعترافی بیان تک محدود نہیں کرنا چاہتی، مبشر لقمان اس وقت ملک سے باہر ہیں جس سے تفتیش کرناچاہتے ہیں۔