زرداری کیخلاف کرپشن ریفرنس ، توقیر صادق تقرری کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی

Trial

Trial

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی خرابی صحت کے باعث کرپشن کے دو ریفرنسز کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی۔

توقیر صادق تقرری کیس میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت چھ ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف ارسس ٹریکٹر اور اے آر وائی گولڈ ریفرنسز کی سماعت کی۔

آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے خرابی صحت کے باعث عدالت سے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت آٹھ ستمبر تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت پر دونوں ریفرنسز میں دوبارہ دلائل دیئے جائیں گے۔

دوسری جانب سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق تقرری کیس میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت چھ ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ توقیر صادق تقرری کیس کی سماعت بھی بغیر کارروائی نو ستمبر تک ملتوی کر دی۔