واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوکرین میں تباہ ہونے والا ملائیشین طیارہ غلطی سے باغیوں کا نشانہ بنا، تاہم اس بارے میں حتمی ثبوت نہیں ہیں،حادثے میں ہلاک 298 افراد میں سے 200 کی لاشیں آج نیدرلینڈز پہنچائی جا رہی ہیں ۔امریکی انٹیلی جنس نے انکشاف کیا ہے کہ یوکرین میں حادثے کا شکار ہونے والے ملائیشین طیارے کو ممکنہ طور پر روس نواز باغیوں نے مار گرایا تاہم اس بارے میں حتمی ثبوت موجود نہیں۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ طیارے کی تباہی ممکنہ طور پر غلطی سے ہوئی ہو۔
امریکی حکام نے مزید کہا کہ ان کے پاس یہ ثبوت بھی نہیں کہ اس طیارے کو روسی ساختہ میزائل ایس اے 11 سے تباہ کیا گیا یا روس نواز باغیوں کے پاس یہ میزائل موجود تھے۔حادثے میں ہلاک 298 میں سے 200 افراد کی لاشیں آج نیدرلینڈز پہنچیں گی جہاں سے انہیں ایمسٹرڈم شہر کے فوجی اڈے بھیجا جائے گا تاکہ فارنزک ماہرین ان لاشوں کی شناخت کرسکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کے ڈی این اے نمونے بھی لیے جائیں گےجبکہ لاشوں کی حالت دیکھ کر ہی ان کے شناختی عمل کی تکمیل کے وقت کا تعین ہوسکے گا۔جہاز حادثے میں ہلاک 298 افراد میں سے 193 نیدرلینڈز کے شہری تھے جبکہ حکومت نے لاشوں کی آمد کے سلسلے میں بدھ کو یوم سوگ کا اعلان کیا ہے ۔