علامہ ناصر عباس جعفری کی دیگر رہنماوں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس

Allama Nasir Abbas Jafri

Allama Nasir Abbas Jafri

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اورکوئی مسلمان ملک بولنے کیلئے تیار نہیں، اس کی وجہ یہی ہے کہ ان ممالک میں اسرائیل نے اپنے ایجنٹوں کو بٹھایا ہوا ہے، جہان اسلام کے حکمران ڈرے ہوئے ہیں، ان کے منہ سے آواز تک نہیں نکلتی، فلسطین مسلمانوں کا دل ہے، مسلم حکمرانوں کی غفلت ہے کہ مٹھی بھرصہیونیوں نے فلسطین پر قبضہ کیا ہوا ہے، ورنہ ان کی کیا مجال تھی۔

ہم غزہ پر اسرائیلی حملوں کی بھر پور مذمت اور فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہیں۔جمعة الوداع کو پورے پاکستان میں یوم القدس کے طورپر منائیں گے، تمام مکاتب فکر کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہے کہ وہ اس دن گھروں سے باہر نکلیں اور اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرکے ثابت کریں کہ فلسطینی تنہا نہیں ہیں۔فلسطین کے مظلوم عوام کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نہتے ہونے کے باوجود اسرائیل کے آگے سر نہیں جھکا یا بلکہ ہمت اور مقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔سانحہ ماڈل ٹاون کے شہداء ہمارے شہدا ہیں، تاحال ایف آئی آر نہ کٹناتشویشناک ہے۔

سانحہ کی ایف آئی آر انہی افراد کے خلاف کاٹی جائے جن کو عوامی تحریک نے نامزد کیا ہے۔ہم عوامی تحریک کے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ۔علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف استعفیٰ دیکر اپنے آپ کو قانون کے سامنے پیش کریں۔ مظلوموں کا ناحق خون کبھی نہیں چھپ پائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم دہشتگردوں سے ڈرنے والے ہیں نہ پنجاب حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے گبھرانے والے ہیں،وطن کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔جعلی مینڈیٹ سے آنے والی اور دہشتگردوں کی سرپرستی کرنے والی حکومت کے خلاف اگست میں جو تحریک شروع ہورہی ہے

اس میں پاکستان عوامی تحریک مجلس وحدت مسلمین پاکستان سنی اتحاد کونسل اور دیگر جماعتیں پورے ملک میں پوری طاقت کے ساتھ نکلیں گے اور حکومت کا تختہ الٹ کر دم لیں گے، موجودہ حکومت کی قانونی اور آئینی کوئی پوزیشن نہیں ہے ۔ایسا احتجاج کریں گے کہ دنیا تحریر چوک بھول جائے گی۔علامہ ناصر عباس جعفری نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز مرکزی سیکرٹریٹ میں دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ،ان کے ہمراہ علامہ اصغر عسکری،علامہ سخاوت قمی،نثار فیضی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ بری امام میں سٹے آرڈر ہوا ہے کوئی تعمیرات نہیں ہو سکتیں لیکن عجیب ہے اس کے باوجود وزیر خزانہ کی ایما پر کام جاری ہے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ تعمیراتی کام کو فی الفور روکا جائے، ورنہ احتجاج پر مجبورہونگے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا پنجاب میں کردار انتہائی شرمناک ہے، ہمارے بے گناہوں افراد کو پکڑ کر ان پر کیسز بنائے جارہے ہیں،16ایم پی او کے تحت پڑھے لکھے افراد کو گرفتار کیا جارہا ہے گزشتہ دنوں میرے دو گارڈز اور ایک ڈرائیور کو بھی اغوا کر لیاگیا اور بعد میں اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل کو غائب کردیا گیااور دو دن تک اتنظامیہ نہیں تسلیم تک نہیں کیا۔

انتظامیہ سے رابطہ کیا تو پتہ چلا کہ انہوں نے پنجاب حکومت کے ایما پر یہ گرفتاریاںکی گئیں، انتظامیہ نے تسلیم کیا ہے کہ ان پر پنجاب حکومت کا دباو ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے کارکنوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈالا جائے۔ ہم پنجاب حکومت کو متنبے کرتے ہیں کہ وہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے، ہم بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہماری ایک تاریخ ہے ہم وطن کے باوفا بیٹے ہیں ہم نے ہمیشہ ملک کی خاطر قربانیاں دیں اور آئندہ بھی دیں گے ۔لیکن تمھارے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈر کر گھروں میں نہیں بیٹھیں گے اور نہ تمہارے سامنے جھکیں گے۔