شمالی وزیرستان (جیوڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں پاک فوج کی تازہ فضائی کارروائی کے نتیجے میں 13 مبینہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں ،جبکہ پاک فوج کے جیٹ طیاروں نے عسکریت پسندوں کے مبینہ ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا ہے۔ پاک فوج کے جیٹ طیاروں کی بمباری سے تحصیل شوال اور دتہ خیل کے علاقوں میں عسکریت پسندوں کے 6 مبینہ ٹھکانے بھی تباہ کیے جاچکے ہیں۔
شمالی وزرستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف جاری پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب کے دوران گزشتہ رات بھی فضائی کارروائی کی گئی تھی واضح رہے کہ میڈیا کو اس مقام تک رسائی نہیں دی گئی، یہی وجہ ہے کہ انھیں انٹیلی جنس اداروں اور ملٹری ذرائع کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات پر ہی بھروسہ کرنا پڑتا ہے۔
یاد رہے کہ آٹھ جون کو کراچی کے جناح انٹر نیشنل ائرپورٹ پر ہونے والے حملے کے ایک ہفتے بعد پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں مقامی اور غیر ملکی شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا تھا اس آپریشن کے دوران پاک فوج کی زمینی اور فضائی کارروائی کے نتیجے میں مذکورہ علاقے کاایک بڑا حصہ عسکریت پسندوں سے خالی کرایا جا چکا ہے۔