کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ برساتی صورتحال سے نمٹنے اور دوران برسات صحت مند ماحول اور عوامی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہنگامی پلان ترتیب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ برساتی نالوں اور سیوریج فلو کی درستگی کو یقینی بنانے کے لئے جاری انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے عوامی مسائل اور متوقع برسات کے حوالے سے شاہ فیصل زون کی جانب سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون اور واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے افسران بھی موجود تھے نشاط ضیاء قادری نے مختلف علاقوں میں برساتی نالوں کا معائنہ کرتے ہوئے افسران سے کہاکہ نکاسی آب کے حوالے سے انتظامات کو مکمل نگرانی میں انجام دیا جائے اور متوقع برسات کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے رکن صوبائی اسمبلی بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر عوام کو درپیش بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کی ہدایت اور فکر و فلسفے پر عمل کرتے ہوئے عوام علاقائی بنیادی مسائل کے حوالے سے محرومیوں کا خاتمہ کرینگے اس موقع پر انہوں نے عوام کو یقین دلا یا کہ فراہمی ونکاسی آب اور بلدیاتی مسائل سے چھٹکارہ دلا کر مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنائیں گے۔