کراچی (جیوڈیسک) ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر شوکت احمد نے کہا ہے کہ آئی ڈی پیز محب وطن پاکستانی ہیں جو دہشت گردوں کی کاروائیوں کی وجہ سے اپنے ہی علاقے میں محصور ہو گئے تھے۔
اور آج جب پاک فوج کی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی وجہ سے یہ لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہو چکے ہیں تو انہیں اکیلا اور بے یارو مددگار نہیں چھوڑا جاسکتا۔
شوکت احمد نے کہا کہ آئی ڈی پیز کے معاملے میں فیڈریشن اپنی ذمے داریوں سے آگاہ ہے کیونکہ حکومت اکیلے ان ذمے داریوں کو پورا نہیں کر سکتی اورنہ ہم غیرملکی این جی اوز پر پورا انحصار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ ہمارے ملک کا مسئلہ ہے۔
اور ہم ہی اس کو حل کرینگے۔ انھوں نے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ کے دورہ فیڈریشن کے موقع پر آئی ڈی پیز کے چیلنج کو نمٹنے کیلیے خصوصی کمیٹی بنائی گئی تھی جس کے پہلے اجلاس میں کمیٹی کے ممبران نے ترجیحات طے کر لی ہیں اور فنڈ اکھٹا کرنے کیلیے تمام ممبران کے درمیان ذمے داریاں بانٹ لی گئی ہیں۔