اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے بھارت اور افغانستان کی طرف سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کر دیا، سیکرٹری خارجہ کہتے ہیں کہ کنٹرول لائن پر پاکستان نے کوئی دراندازی نہیں کی، بھارتی فائرنگ کا جواب دیا گیا۔
دفتر خارجہ اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات چاہتا ہے۔
پاکستان نے دہشتگردوں کیخلاف شمالی وزیرستان میں آپریشن کا آغاز کیا۔ چاہتے ہیں کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے اور دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرے۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ کی 25 اگست کو ہونے والی ملاقات کا مقصد جامع مذاکرات کی بحالی ہے۔
انھوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر فائرنگ بھارت کی جانب سے ہوئی، پاکستان نے اس کا جواب دیا۔ دونوں ممالک کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہونا چاہئے۔
سیکرٹری خارجہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا کہ ہم نے ہمیشہ فلسطین کاز کی حمایت کی ہے۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں غزہ کیلئے آواز اٹھائی اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔