گوجرانوالہ: مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ یوم آزادی قائد اعظم اور تحریک پاکستان کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، عمران خان قومی دن کو انتشار اور فساد کی نذر کرنا چاہتے ہیں، اسلام آباد میں جا کرانکے پاس اعلان کرنے کو کچھ بھی نہیں البتہ 14اگست کو مختلف ایشوز پر انکے بیان بدلنے اورجھوٹ بولنے کی سینچری مکمل ہو جائے گی۔
عوام انتخابات میں تحریک انصاف کو آئنہ دکھا کر ثابت کر چکے کہ انہیںتبدیلی کا لولی پاپ دے کر نہیں ورغلایا جاسکتا،ان خیالات کاا ظہار انہوں نے اپنی رہائش پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ عمرا ن خان کی سیاست غلط بیانی اورتضادات کا مجموعہ ہے وہ ایک طرف ٹیکس چوروں کو پکڑنے کی بات کرتے ہیںلیکن دوسری جانب انہوں نے ٹیکس چوروںکوخود اپنے ساتھ بٹھا رکھا ہے اور انکی ٹیکس چوری کی رقم سے پارٹی کوچلا رہے وہ پاکستانی سیاست میںتکبر اور غرور کی علامت بن گئے ہیں اور ان کا رویہ چنگیز خان کے ساتھ بہت حد تک مماثلت رکھتا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ عام انتخابات میں شکست سے بری طرح دوچار ہونے والے حالات کا جھوٹا رونا رو کے اور دھاندلی کا واویلا کر کے منتخب جمہوری حکومت کے خلاف محاذ کھڑا کر نا چاہتے ہیں لیکن انکی سار ی رکاوٹیں ریت کی دیواریں ثابت ہوں گی اورنواز شریف عوام کی دعائوں کی بدولت تمام بحرانوں سے نمٹنے میں کامیاب ہو جائیں گے،توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے حکومت جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف عبادت کرنے کے لئے ذاتی خرچے پر سعودی عرب گئے ہیں جس پرکسی کے پیٹ میں مروڑ اٹھتے ہیں تو اس کا علاج مسلم لیگ ن کے پاس نہیں ہے۔