کراچی : تبلیغ قرآن و سنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوت اسلامی کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ باب المدینہ کراچی میں کثیر تعداد میں اسلامی بھائیوں کا اجتماع ہوا۔ بانی دعوت اسلامی شیخ طریقت علامہ محمد الیاس عطار قادری نے اجتماع میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر نگران شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری اور رکن شوریٰ حاجی عبدالحبیب عطاری بھی موجود تھے۔
امیر اہلسنت نے خصوصی بیان کیا اور اسرائیل کی بمباری کا شکار مظلوم مسلمانوں کے تحفظ کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ یا اللہ عزوجل!رمضان کے صدقے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی مددفرما اور انھیں ظلم سے نجات دے دے۔ انہوں نے کہا کہ یا اللہ عزو جل ! دشمن کو رسوا اور ناکام فرما۔ یا رب العالمین ! قبلہ اول کی حفاظت فرما ، بمباری سے شہید ہونے والے مسلمانوں کی مغفرت اور عزت مآب خواتین کا تحفظ فرما۔
امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ضرور مسلمانوں پر کرم فرمائے گا اور جلد دشمن رسوا ہو گا۔ اللہ عزوجل کی مہربانی سے فلسطین میں جلد امن قائم ہو گا اور مسلمانوں کو سلامتی ملے گی۔ اللہ عزوجل دشمنان اسلام کا منہ کالا کرے گا اور مسلمانوں کو سرخرو کرے گا۔آمین