لاہور (جیوڈیسک) پی آئی اے کی کسی صورت میں نجکاری ہونے نہیں دی جائے گا، قومی ایئر لائن کے ملازمین کے مفادات اور روزگا کا تحفظ کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار پی آئی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدر عقیل صدیقی اور جنرل سیکریٹری صفدر انجم نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عقیل صدیقی نے کہا کہ پی آئی اے ملازمین وزیر نجکاری محمد زبیر کے اس بیان کی مذمت اور اس کو یکسر مستردکرتی ہیں جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے لوگ نااہل ہیں اور 50 فیصد لوگوں کو نوکری سے فارغ کر دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو نجکاری کی نہیں اچھی انتظامیہ اور نئے طیاروں کی ضرورت ہے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے صفدر انجم نے کہا کہ ہم وزیر اعظم پاکستان نواز شریف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ محمد زبیر جیسے غیر ذمہ دار شخص کو برطرف کریں اور ایسے تمام افراد کو خود سے دور کریں جو ان کے اور عوام کے درمیان فاصلہ پیدا کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔