آج جمعتہ الوداع عقیدت سے منایا جا رہا ہے، مذہبی جماعتیں یوم القدس منائیں گی، سیکیورٹی سخت

Security

Security

لاہور (جیوڈیسک) ملک بھر میں آج جمعتہ الوداع نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، مذہبی جماعتیں جمعۃ الواداع کو ’’ یوم القدس‘‘ کے طور پر منا رہی ہیں، اسلام آباد اور کراچی میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔

جمعتہ الوداع کے اجتماعات میں ملکی سلامتی و استحکام، ترقی و خوشحالی، دہشتگردی کے خاتمے اور امت مسلمہ کی سربلندی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

ملک بھر کی مساجد کے علاوہ جمعتہ الوداع کے اجتماعات کے لئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جمعتہ الوداع کے موقع پر سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔

حساس قرار دی گئی مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ مذہبی جماعتیں آج جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منا رہی ہیں۔

نماز جمعہ کے اجتماعات میں بیت المقدس اور مسجد اقصی پر اسرائیلی قبضے کی مذمت کی جائیگی اور مسلمانان فلسطین سے اظہار یکجہتی اور غزہ پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ نماز جمعہ کے بعد ریلیاں نکالی جائیں گی، جمعتہ الوداع اور یوم القدس کے موقع پر اسلام آباد میں تین ہزار پانچ سو اہلکار اور ٹریفک پولیس کے پانچ سو سے زائد جوان تعینات کئے گئے ہیں۔

رینجرز اہلکار پولیس کی معاونت کے لئے موجود ہیں جبکہ شہر بھر میں سخت چیکنگ اور پٹرولنگ بڑھا دی گئی ہے۔ کراچی میں یوم القدس کے موقع پر رینجرز، بم ڈسپوزل سکواڈ اور ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی تعینات ہیں۔

نماز جمعہ کے بعد ریلی کے راستے سیل کر دئیے جائیں گے۔ ایم اے جناح روڈ صبح گیارہ بجے سے افطار تک ٹریفک کے لئے بند رہے گی۔