ڈسٹرکٹ پریس کلب صحافیوں اور عوامالناس کیلئے دارالامان، موجودہ دور میں جہاں انصاف ناپائید ، اراکین اسمبلی اور پولیس کی جانب سے انصاف کی فراہمی کی بجائے انتقامی کاروائیاں اور خود کو میاں مٹھو کہنا اس دور کا سب سے بڑا مسٔلہ ہے۔ وہاں میڈیا کا کردار مظلوموں اور بے بسوں کو انصاف دلوانے میں معاون ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پولیس اور وڈیروں کے ستائے ہوئے افراد پریس کلب پہنچ کر اپنی فریاد بیان کرتے ہیں۔ جنہیں اخبارات اور الیکٹرونک میڈیا کے ذریعے اعلیٰ حکام تک پہنچایا جاتا ہے۔
گزشتہ دنوں ضلع لیہ کی تحصیل کروڑ لعل عیسن کی 13 سالہ لڑکی جسے درندے اپنی ہوس کا نشانہ بنا کر اس کی عزت تار تار کر دی تھی نے انصاف نہ ملنے پر ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے اپنے والدین کے ہمراہ چِلچِلاتی دھوپ میں احتجاجی کیمپ لگایا۔ اقبال حسین ولد اللہ بخش قوم سرگانی سکنہ نادراآباد موضع مڑھانوالی کی 13 سالہ بیٹی عظمیٰ جو کہ رفع حاجت کیلئے گھر کے صحن میں نکلی تھی تو ملزم ارشد ولد بشیر حسین دیگر افراد کے ساتھ جنڈ کے درختوں میں عظمیٰ بی بی کی عزت تار تار کر رہا تھا۔ جب اقبال حسین مع ثمر عباس ، ملازم حسین و دیگر کے ہمراہ پہنچا تو ملزمان پستول سے جان سے ماردینے کی دھمکیاں دے کر بھاگ گئے تھے۔ 13 سالہ عظمیٰ بی بی نے زیادتی کے مقدمہ میں ملزم کی عدم گرفتاری پر والدین کے ہمراہ کفن پہن کر پریس کلب لیہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ متاثرہ خاندان نے پولیس تھانہ کروڑ کے ناروا سلوک کے خلاف بھوک ہڑتال بھی کی۔ اور اسے تا دمِ مرگ جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔ متاثرہ خاندان نے الزام عائد کیا کہ ملزم کو تحریک انصاف کی پشت پناہی حاصل ہے اور ایم پی اے حاجی عبدالمجید خان نے اسے پناہ دے رکھی ہے۔
مدعی مقدمہ متاثرہ لڑکی کے والد اقبال حسین نے بتایا کہ ایس ایچ او تھانہ کروڑ کی جانب سے انصاف کے حصول کیلئے رجوع کرنے پر نازیبا و ناروا سلوک سے نوازا گیا۔ جس پر مجبوراً احتجاج پر مجبور ہوئے۔ متاثرہ خاندان کے کفن پوش احتجاج پر ڈی ایس پی کروڑ خالد ڈھا ، تفشیشی آفیسر فیاض احمد اور قائم مقام ڈی ایس پی ہیڈکواٹر انسپکٹر منظور میرانی ڈسٹرکٹ پریس کلب آئے اور متاثرہ خاندان سے معاملہ کے حل کیلئے مہر ارشد حفیظ سمراء صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ کی موجودگی میں صدر دفتر میں مذاکرات کیئے۔ تاہم اس سے قبل موقع پر آنے والے ایس ایچ او تھانہ سٹی لیہ انسپکٹر اعجاز بخاری نے احتجاج کے خاتمے سے انکار پر لڑکی کے والدین کو سنگین نتائج سمیت تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی دھمکیاں دیں۔ دوران مذاکرات صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ ارشد حفیظ سمراء سے شیعہ علماء کونسل کے صدر منیر عباس شاہ ایڈووکیٹ ذوالفقار اولکھ متاثرہ خاندان نے ایس ایچ او کے ناروا سلوک و رویہ پر احتجاج کرتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا۔
ڈی ایس پی کروڑ و قائم مقام ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر منظور خان میرانی کی ہدایت کے باوجود ایس ایچ او نے موقع پر آنے سے انکار کر دیا۔ جس پر مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے۔ اور صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ کے ہنگامی اجلاس کے دوران اراکین نے اعجاز بخاری ایس ایچ او تھانہ سٹی لیہ کے رویے پر کڑی تنقید کی۔ اراکین نے صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ سے ایس ایچ او تھانہ سٹی لیہ کی ضلع بدری فوری طور پر لائن روانگی کا پرزور مطالبہ کیا۔ صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب نے اراکین کے مطالبہ پر رائے شماری کی ہدایت کی۔ جس پر اجلاس میں موجود اراکین نے متفقہ طور پر اعجاز بخاری کے اقدام کے خلاف قرارداد مذمت اعلیٰ حکام کو ارسال کرنے اور ضلع بدری سمیت لائن روانگی کے مطالبہ کی مکمل تائید کی۔ جس پر صدر مہر ڈسٹرکٹ پریس کلب نے کروڑ پولیس کے متاثرین کے ہمراہ احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔ جس پر سید نیئر حسین بخاری ایڈووکیٹ ، ملک ذوالفقار علی ایڈووکیٹ نے بھی اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اور بار ارکین کو بھی بذریعہ فون احتجاج میں شرکت کی دعوت دی۔ جس پر اخلاق احمد ڈوگر ، عبدالستار علوی سمیت دیگر وکلاء موقع پر آگئے۔ صحافیوں ، وکلاء اور متاثرین کروڑ پولیس نے مہر ارشد حفیظ صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ کی قیادت میں کالج روڈ پر دھرنا دیا۔ اور کالج روڈ بلاک کر دیا۔ اطلاع ملنے پر شمس الدین ڈی ایس پی صدر لیہ موقع پر پہنچ گئے۔ اور صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ سے مذاکرات کی کوشش کی۔ تاہم صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ نے دو ٹوک الفاظ میں ڈی ایس پی صدر کو بتایا کہ صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ ضلع لیہ کی 20 لاکھ عوام کیلئے دارالامان کا درجہ رکھتا ہے۔ اور پر امن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ کسی شہری کو طاقت کے زور پر احتجاج سے نہیں روکا جا سکتا۔ ایس ایچ او سٹی نے اختیارات کا غلط استعمال کیا ہے۔
Protest
اس لیے متاثرین کا مطالبہ ہے کہ ایس ایچ او سٹی اپنے رویے پر معذرت کرے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو ایس ایچ او کے خلاف نہ صرف احتجاج جاری رہے گا بلکہ احتجاج کا دائرہ ضلع بھر میں موجود 5 مضافات کے پریس کلبوں تک پھیلا دیا جائے گا۔ اور اگر متاثرین کی دادرسی نہ ہوئی تو ملتان اور لاہور میں بھی احتجاج کیا جائے گا۔ جس پر ڈی ایس پی صدر لیہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ کو حالات کے بارے میں آگاہی دی۔ تنظیمی عہدیداران میں DCO لیہ ندیم الرحمن کو بھی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ جس کے بعد غازی محمد صلاح الدین ڈی پی او لیہ ڈسٹرکٹ پریس کلب پہنچ گئے۔ اور صحافی برادری کے نمائندوںسے طویل مذاکرات کیئے۔ اس دوران شہریوں کی جانب سے چوہدری اشفاق احمد ایم پی اے کو بھی اطلاع دی گئی۔ جس پر ایم پی اے لیہ بھی صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب پہنچ گئے۔ عہدیداران پریس کلب سے ڈی پی او لیہ ، ڈی ایس پی صدر لیہ اور ایم پی اے لیہ نے تفصیلی مذاکرات کیئے۔ چوہدری اشفاق احمد ایم پی اے نے مہر ارشد حفیظ صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ سے احتجاج ختم کرنے اور کالج روڈ کھولنے کے بارے استدعا کی۔ اور اصرار کیا کہ ایس ایچ او تھانہ سٹی لیہ کو ایک موقع دیا جائے۔ اور یہ اعجاز بخاری کیلئے وارننگ ہوگی۔ اس کے بعد اگر ایس ایچ او تھانہ سٹی لیہ نے اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کی کوشش کی تو پھر کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے گی۔ بلکہ منتخب اراکین اسمبلی بھی ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ اور صحافیوں کے شانہ بشانہ ہونگے۔ تاہم صحافتی برادری نے ایس ایچ او سٹی لیہ کو لائن حاضر کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔ صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ نے ڈی پی او لیہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ ضلع بھر کے صحافیوں کی معتبر اور متفقہ تنظیم ہے۔ کوئی بھی سرکاری اہلکار ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ کے وقار کے منافی کام کرے۔ یہ ہرگز قابل برداشت نہیں۔ اس لیئے صحافتی برادری کا دبائو ہے کہ اختیارات سے تجاوز اور غلط استعمال پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ بصورت دیگر احتجاجی عمل کو روکنا ممکن نہیں رہا۔ جس پر ڈی پی اولیہ غازی محمد صلاح الدین نے یقین دلایا کہ ہر ضروری قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی لیہ کو باقاعدہ طور پر شو کاز نوٹس جاری کیا جائے۔ اور اطمینان بخش جواب نہ ملنے کی صورت میں انضباطی کاروائی بھی کی جائے۔ تا ہم اس دوران مذاکرات میں موجود صحافتی برادری نے ڈی پی او سے مطالبہ کیا کہ بعد کی کاروائی ابھی عمل میں لائی جائے۔
ایس ایچ او تھانہ سٹی لیہ کو لائن کلوز کیا جائے۔ صحافتی برادری کے پر زور اصرار پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ نے بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کیلئے خصوصی حفاظتی اقدامات کیئے گئے ہیں۔ اس لیئے عید تک کسی بھی ایس ایچ او کو بدلنا ممکن نہیں۔ ایس ایچ او کو بدلنے کیلئے اعلیٰ حکام کو اعتماد میں لینے کو لازم قرار دیاگیا ہے۔ اگر ایس ایچ او سٹی لیہ نے اپنے رویے کی اصلاح نہ کی اور ضرورت پیش آئی تو آپ کے مطالبہ پر عید کے بعد بھی عمل کیا جا سکتا ہے۔ صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ نے ڈی پی او لیہ سے کہا کہ صحافتی برادری آئندہ اس قسم کے واقعے کے نہ ہونے کے بارے میں ضمانت مانگتی ہے۔ کیونکہ ضلع کی صحافتی برادری کو ڈسٹرکٹ پریس کلب کا احترام بہت عزیز ہے۔ اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
ڈی پی او لیہ غازی محمد صلاح الدین نے ڈسٹرکٹ پریس کلب کو یقین دلایا کہ آئندہ ڈسٹرکٹ پریس کلب کے معاملات میں ایس ایچ او مداخلت نہیں کرے گا۔ بلکہ ڈی ایس پی کے عہدے کا آفیسر ڈسٹرکٹ پریس کلب سے متعلقہ امور انجام دے گا۔ اور ایس ایچ او کی تعیناتی کے دوران ایس ایچ او تھانہ سٹی کی ڈسٹرکٹ پریس کلب آمد پر بھی پابندی ہو گی۔ اور جب تک ضلعی پولیس کی باگ ڈور میرے ہاتھ میں ہے تب تک کسی بھی آفیسر کو اختیار سے تجاوز کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ کی یقین دہانی پر صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ صحافتی برادری کو اعتماد میں لینے اور مشاورت کیلئے کچھ وقت طلب کیا۔ جس کے بعد صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ نے سید یوسف حسنین نقوی چیئرمین مجلس عاملہ ، عبدالرحمن فریدی سابق جنرل سیکریٹری ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ ، سینئر صحافی عطاالمحسن عدیل ، سینئر صحافی فرید اللہ چوہدری ، سید محمد عثمان شاہ نائب صدر ضلعی انجمن صحافیان ، ملک فیض بھلر فنانس سیکریٹری ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ، عبداللہ نظامی صدر کوٹ سلطان پریس کلب ، عبدالرئوف نفیسی صدر چوک اعظم پریس کلب ، ملک مقبول الٰہی سابق نائب صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ ، سید گلزار حسین بخاری سابق جنرل سیریٹری ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ ، خلیل احمد قریشی جنرل سیکریٹری ضلعی انجمن صحافیان لیہ ، سینئر صحافی طارق پہاڑ ، اسماعیل میرانی فنانس سیکریٹری ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ ، رانا عبد الرب پریس سیکریٹری ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ ، سینئر صحافی غلام جیلانی ، ارشاد رونگھ ، خالد شوق جنرل سیکڑیٹری ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ اور محمد یعقوب مرزا صدر ضلعی انجمن صحافیان سے مشاورت اور اعتماد میں لینے کے بعد دھرنا ختم کرنے اور کالج روڈ کھولنے کا اعلان کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ سے مہر ارشد حفیظ صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ ، محمد یعقوب مرزا صدر ضلعی انجمن صحافیان ، خالد محمد شوق جنرل سیکریٹری ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ ،سینئر صحافی عطاالمحسن ، عبدالرحمن سابق جنرل سیکریٹری ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ ، سید گلزار حسین بخاری سابق جنرل سیکریٹری ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ ، سید یوسف حسنین نقوی چیئرمین مجلس عاملہ ، شمس الدین ڈی ایس پی صدر سمیت دیگر صحافیوں نے طویل مذاکرات کیئے۔ پولیس تھانہ کروڑ کے مطابق ملزم ارشد اور مدعی کی آپس میں مخالفت چلی آرہی ہے۔ ملزم نے عبوری ضمانت کروا رکھی ہے۔