کرد سیاستدان فواد معصوم عراق کے نئے صدر منتخب

 Fawad Masoom

Fawad Masoom

بغداد (جیوڈیسک) عراقی پارلیمنٹ نے بزرگ کرد سیاستدان فواد معصوم کو ملک کا نیا صدر منتخب کر لیا۔

نئے صدر کے انتخاب کے لئے عراقی پارلیمنٹ میں ووٹنگ ہوئی جس کے بعد اسپیکر سلیم الجبوری نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کردستان پیٹریاٹک یونین کے فواد معصوم نے ووٹنگ میں 211 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مخالف امیدوار کے حق میں 17 ووٹ ڈالے گئے، گزشتہ روز دونوں بڑی کرد جماعتوں نے ان کے نام پر اتفاق کیا تھا جس کے بعد ان کا انتخاب یقینی تھا اور اب فواد معصوم سبکدوش ہونے والے جلال طالبانی کی جگہ صدارتی منصب سنبھالیں گے۔

واضح رہے کہ 1938 میں پیدا ہونے والے فواد معصوم کو 2 دہائیوں قبل صدام حسین کے دور حکومت میں خود مختار عراقی کردستان کا پہلا وزیر اعظم منتخب کیا گیا تھا اور اب صدر کی حیثیت سے ان کے انتخاب کے بعد عراق میں نئی حکومت کے قیام کی راہ بھی ہموار ہو گئی ہے۔