بھارت روزہ دار مسلمان کو زبردستی کھانا کھلانے والے ہندو رکن پارلیمنٹ کا احتساب کرے: امریکہ

Marie Harf

Marie Harf

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ نے امید ظاہر کی ہے کہ بھارت نئی دہلی میں روزہ دار مسلمان کو زبردستی کھانا کھانے پر مجبور کرنے والے شیو سینا کے ہندو رکن پارلیمنٹ کا قانون کے مطابق احتساب کرے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے کہا ہے کہ ہم اس الزام کی خبروں اور ویڈیوز کے بارے میں جانتے ہیں۔ وہ معمول کی بریفنگ کے دوران انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ راجان بابو رائو کی جانب سے ایک روزہ دار کو زبردستی کھانا کھلانے کے تناظر میں انسانی حقوق سے متعلق سوال کا جواب دے رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے اس قسم کے واقعات سے بھارتی قانون کے مطابق نمٹا جائے گا تاہم انہوں نے کہا کہ مذہبی آزادی اور انسانی حقوق ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہیں۔

انہوں نے سرکاری افسران پر زور دیا کہ وہ مذہبی آزادی کو فروغ دیں اور اس قسم کے انفرادی حقوق کی خلاف ورزی پر احتساب یقینی بنائیں جب ان سے سوال کیا گیا کہ بھارتی وزیراعظم کے آئندہ دورہ واشنگٹن کے دوران اس معاملے پر بات ہو گی تو انہوں نے جواب دیا کہ اس موضوع پر اپنے تمام شراکت داروں سے بات چیت کرتے رہتے ہیں تاہم ابھی میں نہیں بتا سکتی کہ اس پس منظر میں دورے کے دوران ان سے بات ہو گی۔