طارق فاطمی کی ملاقاتیں، دہشت گردی کیخلاف پاکستانی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہونگے: امریکی حکام

Pakistan,America

Pakistan,America

واشنگٹن (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کے امور خارجہ کے خصوصی معاون سید طارق فاطمی نے وائٹ ہاؤس میں نائب قومی سلامتی کے مشیر ٹونی بلنکن اور امورخارجہ کمیٹی کے چیئرمین ای ڈی رائس سے ملاقاتیں کی ہیں اور آپریشن ضرب عضب سے متعلق امریکی عہدیداروں کو آگاہی کے علاوہ دو طرفہ تعلقات میں پیشرفت سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کے ہمراہ پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دونوں فریقین نے مذکورہ امور پر مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فریقین نے امن، خوشحالی اورسلامتی کیلئے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی باہمی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے افغانستان اور بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات اور عزم بارے بھی انہیں آگاہ کیا۔ دریں اثناء امریکی امور خارجہ کمیٹی کے چیئرمین ای ڈی رائس کے ساتھ ملاقات میں بھی وزیراعظم کے معاون خصوصی نے دوطرفہ تعلقات سمیت متعدد دیگر اہم علاقائی وعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں موجودہ حکومت کے اقتصادی ترقی، سکیورٹی کے فروغ اور ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے کوششوں بارے آگاہ کیا۔

اس موقع پر امریکی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین ای ڈی رائس نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے مشترکہ مقاصد رکھتے ہیں۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔