حقانی نیٹ ورک کو دوبارہ منظم نہ ہونے دیا جائے، امریکا کا پاکستان سے مطالبہ

Haqqani Network

Haqqani Network

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کو دوبارہ منظم نہ ہونے دیا جائے۔ وائٹ ہاوس کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزز جیفری ایگرز نے کولوراڈو میں ایک سیکیورٹی فورم سے خطاب میں کہا کہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے باعث حقانی نیٹ ورک منتشر ہوا اور دہشت گرد علاقے سے بھاگ نکلے ہیں۔

پاکستان سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کو دوبارہ منظم نہ ہونے دیا جائے۔ ریٹائرڈ جنرل جیفری ایگرز کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ ورک نے افغانستان میں 500 امریکی فوجی ہلاک کیے تاہم وزیرستان میں اس سے قبل ہونے والے کسی آپریشن میں اس کو ہاتھ نہیں لگایا گیا تھا۔تقریب میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی بھی موجود تھے۔

پاکستان سفیر نے کہا کہ حقانی نیٹ ورک کے دہشت گرد آپریشن سے پہلے ہی شمالی وزیرستان سے نکل چکے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے افغان سرحد سے متصل علاقوں میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔واشنگٹن میں افغانستان کے مندوب ایکلیل حکیمی بھی تقریب میں موجود تھے۔