غیر معیاری سلنڈرز میں گیس بھرنے سے حادثے کی صورت میں سی این جی اسٹیشن سیل کر دیا جائیگا، کمشنر کراچی

Shoaib Ahmed Siddiqui

Shoaib Ahmed Siddiqui

کراچی (جیوڈیسک) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ سی این جی اسٹیشنز مالکان نا قص ، زائد المیعاد اور غیر معیاری سی این جی سلنڈرز میں گیس نہ بھریں،سی این جی گیس سلنڈرز کے حوالے سے کسی بھی حادثے کی صورت میں سی این جی اسٹیشن کو سیل کر دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ بشمو ل بسوں، کوچز اور منی بسوں میں نصب ناقص زائد المیعاد اور غیر میعاری سی این جی سلنڈرز نہ صرف چلتے بم ہیں بلکہ یہ مسافروں اور سی این جی اسٹیشنز ملازمین کے لیے سیکیورٹی خطرات ہیں۔

تمام سی این جی اسٹیشنز مالکان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ غیر معیا ری اور ناقص سی این جی سلنڈرز میں گیس بھرنے سے اجتناب کریں اور اس سلسلے میں اپنے تمام ملازمین کو ہدایات جاری کریں کہ وہ کسی بھی صورت میں نا قص ، زائد المیعاد اور غیر معیاری سی این جی سلنڈرز میں گیس نہ ڈالیں بصورت دیگر سی این جی سلنڈرز کے حوالے سے کسی بھی حادثے یا عدم توجہی پر سی این جی اسٹیشن مالکان کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے۔

سی این جی اسٹیشن کو سیل کر دیا جائے گا، کمشنر کراچی نے کہا کہ عوام کے جان وما ل کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح اور ذمے داری بھی ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لا پر وائی کو ہر گز بر داشت نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی کوئی سمجھوتہ کیا جا سکتا ہے۔

انھوں نے ٹرانسپورٹرز سے بھی کہا کہ مسافروں کی جانوں کی حفاظت اور پیشگی حفاظتی اقدامات کے پیش نظر فوری طور پروہ اپنی اپنی پبلک ٹرانسپورٹ سے نا قص ، غیر معیاری اور زائد المیعاد سی این جی سلنڈرز نکال دیں۔

اور ذمے دار شہری ہونے کا ثبوت پیش کریں، علاوہ ازیں کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ رمضان المبا رک میں عوام کو خصوصی ریلیف دینے کیلیے انتظامیہ کی جا نب سے گراں فروشوں کے خلا ف جا ری آپریشن اور اقدامات میں مزید تیزی لا ئی گئی ہے جس کے نتیجے میں بٹری تعدار میں گرفتاریاں، جرمانے اور سزاؤں کا عمل جا ری ہے۔

ماہ رمضان کے 25 روز کے دوران ناجائز منا فع خوروں، ملاوٹ کرنے والوں، کم تولنے والوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کے نتیجے میں ایک کروڑ، 6 لاکھ، 8 ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے، 5 ہزار 507 ناجائز منافع خوروں کا چالا ن کیا گیا اور 357 گرانفروشوں کو گرفتار کر کے جیل بھجوادیا گیا۔