لاہور (جیوڈیسک) سینئر صحافی اور نوائے وقت گروپ کے ایڈیٹر انچیف مجید نظامی کو لاہور میں سپر دخاک کر دیا گیا ، نماز جنازہ میں گورنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت اہم سیاسی و صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔
نوائے وقت گروپ کے ایڈیٹر انچیف اور سینئر صحافی مجید نظامی کی نماز جنازہ لاہور کے باغ جناح میں ادا کی گئی۔ تحریک پاکستان کے نامور کارکن کی نماز جنازہ میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید ، ارکان اسمبلی اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے مجید نظامی کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مجید نظامی کو قبرستان میانی صاحب میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مجید نظامی دل کے عارضے کے باعث چند روز سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا تھا جہاں رات گئے وہ چھیاسی برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔