واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ نے پاکستان، بھارت سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو تعلقات بہتر بنانے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔
نائب ترجمان محکمہ خارجہ میری ہاف نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ پاکستان، بھارت سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات کا خیر مقدم کرتا ہے۔ امریکہ اس سلسلے میں کئے گئے اقدامات کا خیرمقدم کرے گا۔
پاکستان بھارت سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات پچیس اگست کو ہو رہے ہیں جس میں دو طرفہ تعلقات اور دو برس قبل تعطل کا شکارہونے والے مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ پہلے بھی دونوں ممالک کو اس حوالے سے باہم مل کر کام کرنے کیلئے زور دیتا رہا ہے۔ یہ اب ان پر منحصر ہے کہ وہ اس حوالے سے مل کر کام کریں۔