لاہور (جیوڈیسک) معروف اداکارہ وماڈل سارہ لورین نے پاکستان میں بہترین فلمیں بننے کا رجحان فروغ پا رہا ہے۔
معمول کی فارمولا فلموں کے باعث فلم انڈسٹری کی بربادی ہوئی جب کہ نگارخانے اور سینما گھروں پر ویرانی کا راج ہوگیا لیکن اب ایک مرتبہ پھر سے معیاری فلمسازی اورجدید سینما گھروں کے باعث حالات میں بہتری کے آثارنمایاں دکھائی دے رہے ہیں۔
جہاں تک بات میرے کام کرنے کی ہے تو میرا تعلق پاکستان سے ہے اورآج بالی ووڈ میں جوکچھ بھی ہوں وہ اپنے ملک میں کام کرنے کی بدولت ہی ہوں اس لیے جب بھی مجھے کوئی اچھا اور منفرد پروجیکٹ آفر ہوگا میں ضرور کام کرونگی۔ ان خیالات کااظہار سارہ لورین نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ میں اپنی نئی فلم ’’برکھا‘‘ کی عکسبندی مکمل کروانے کے بعد ڈبنگ شروع کروا دی ہے‘ اس فلم میں میرا کردار مداحوں کو پسند آئے گا ۔ ممبئی کے مقامی اسٹوڈیو میں ہونے والی ڈبنگ میں جہاںمیں حصہ لے رہی ہوں، وہیں فلم میں بطورہیرو مرکزی کردارنبھانے والے طحہٰ شاہ بھی مصروف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ کی نئی فلم ’’برکھا‘‘ کی شوٹنگ کا سپیل اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کیا جاچکا ہے ہم نے بھارت کی خوبصورت لوکیشنز پر فلم کی عکسبندی کرتے ہوئے سین اورگیت فلمبند کروائے تھے جب کہ اب ڈبنگ کا مرحلہ جاری ہے۔
انھوں نے کہا کہ میں اس وقت اپنی فلم کی ڈبنگ کے علاوہ کچھ نئے پروجیکٹس کے معاملات کو بھی حتمی شکل دے رہی ہوں۔ بالی ووڈ میں آفرز کا سلسلہ توجاری رہتا ہے لیکن میں بہت سوچ سمجھ کر ایسے پروجیکٹس سائن کرتی ہوں جن میں کام کرکے مزہ آئے اور میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا بہتر انداز سے سکرین پر اظہار بھی کرسکوں اس لیے جب مجھے ’’برکھا‘‘ آفر ہوئی تو میں نے فلم کی کہانی اوراپنا کردار پڑھنے کے بعد یہ فیصلہ کرلیا تھا کہ میں اس فلم میں ضرور کام کرونگی۔
ایک سوال کے جواب میں سارہ لورین نے کہا کہ پاکستانی ڈرامہ تو اب بھارت میں بھی بہت مقبول جا رہا ہے جہاں تک بات فلموں کی ہے تو اس کو یہاں جگہ بنانے میں تھوڑا وقت لگے گا۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ہمارے ہاں اب نوجوان فلم میکرز انٹرنیشنل مارکیٹ کے مطابق فلمیں بنانے جارہے ہیں جو بہت خوش آئند بات ہے اس لیے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ آئندہ چند برسوں کے بعد پاکستان فلم انڈسٹری بھی ایک منفرد مقام پرہو گی اور پاکستانی فلمیں دنیا بھر میں دیکھی اور پسند کی جائینگی۔